پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں نے گیس پائپ لائن کو بم دھماکے سے اُڑا دیا ہے۔
مقامی پولیس کے ترجمان عامر خان نے آج بروز بدھ ذرائع ابلاغ کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں نے ملک کے شمال مغربی صوبے خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں ایک بڑی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔ حملے کے بعد ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ دھماکہ حالیہ مہینوں میں اسی نوعیت کے دھماکوں کی ایک کڑی ہے اور پائپ لائن پر نصب دھماکہ خیز مواد کو اڑا کر کیا گیا ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں پنجاب کے علاقے میانوالی کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
یہ حملہ تین ماہ سے بھی کم عرصے میں ایک ہی مقام پر چوتھا حملہ تھا۔
تاحال دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔
تاہم، سکیورٹی فورسز نے دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان'ٹی ٹی پی' کو حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ٹی ٹی پی سکیورٹی فورسز اور سرکاری تنصیبات پر حملوں کا ایک طویل ریکارڈ رکھتی ہے۔
سکیورٹی فورسز نے مجرموں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ لکی مروت ایک طویل عرصے سے دہشت گردی اور تشدد کا مرکز بنا ہوا ہے اور ٹی ٹی پی ، حالیہ برسوں میں خاص طور پر پولیس اہلکاروں پر متعدد حملے کر چُکی ہے۔