بھارتی کاروباری اور مالیاتی نیوز نیٹ ورک این ڈی ٹی وی پرافٹ نے ہفتہ کے روز خبر دی ہے کہ امریکی تجارتی مذاکرات کاروں کا 25 سے 29 اگست تک نئی دہلی کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے مجوزہ دوطرفہ تجارتی معاہدے پر بات چیت تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ دوطرفہ تجارتی معاہدے کے لئے مذاکرات کے موجودہ دور کو اب کسی اور تاریخ تک موخر کیے جانے کا امکان ہے ، جس سے ہندوستانی سامان پر اضافی ٹیرف کے لئے 27 اگست کی ڈیڈ لائن سے پہلے کچھ راحت ملنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔
رواں ماہ کے اوائل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی دہلی کی جانب سے روسی تیل کی مسلسل درآمد ات کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیا تھا جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا۔
نیا امپورٹ ٹیکس، جو 27 اگست سے نافذ العمل ہوگا، کچھ ہندوستانی برآمدات پر ڈیوٹی بڑھا کر 50 فیصد کر دے گا ، جو کسی بھی امریکی تجارتی شراکت دار پر عائد سب سے زیادہ ہے۔
نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان تجارتی مذاکرات بھارت کے وسیع زرعی اور ڈیری شعبوں کو کھولنے اور روسی تیل کی خریداری روکنے پر اختلافات پر مذاکرات کے پانچ دور کے بعد ناکام ہوگئے۔