ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ برہان الدین دُران کو صدارتی محکمہ مواصلات کا نیا ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کی صبح سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے صدارتی فرمان کے مطابق "برہان الدین دُران'فخرالدین آلتون' کی جگہ لیں گے جو 25 جولائی 2018 سے اس عہدے پر فائز تھے۔ آلتون کو ترکیہ کے ادارہ برائے انسانی حقوق و مساوات TİHEK کا سربراہ متعین کر دیا گیا ہے۔
دُران نے استنبول باسفورس یونیورسٹی سے شعبہ سیاسیات اور بین الاقوامی تعلقات میں فارغ التحصیل ہونے کے بعد بلکینٹ یونیورسٹی سے سیاسیات میں پی ایچ ڈی کی۔
انہوں نے پہلے سیٹا فاؤنڈیشن کے جنرل کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں اور 2018 میں انہیں صدارتی سلامتی اور خارجہ پالیسی کونسل میں شامل کیا گیا۔ مئی 2024 میں انہیں نائب وزیر خارجہ متعین کیا گیا۔
فخر الدین آلتون نے اپنے عہدے سے سبکدوشی اور نئی تقرری کی تصدیق ایک سوشل میڈیا بیان میں کی ہے۔بیان میں انہوں نے ان پر اعتماد اور ان کی حمایت کے لیے صدر رجب طیب اردوعان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ "میں دل کی گہرائیوں سے صدر رجب طیب اردوعان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے اس عہدے کے قابل سمجھا۔ میں اپنے خاندان کا، ترکیہ مواصلاتی ماڈل پر انتھک محنت محنت کرنے والے ساتھیوں کا اور ان تمام میڈیا اراکین کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو سچائی کی جدوجہد میں ثابت قدم رہے۔"
انہوں نے دُران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ "برہان الدین دُران کے ساتھ ہم نےکئی سال تک مل کر کام کیا ہے۔ وہ میرے قابل قدر ساتھی اور بھائی ہیں"۔