ٹرمپ انتظامیہ نے شدید ردعمل کے بعد اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے، جس میں دھمکی دی گئی تھی کہ وہ ان ریاستوں اور مقامی حکومتوں سے کم از کم 1.9 ارب ڈالر کی آفات سے نمٹنے کی تیاری کے فنڈز روک لے گی جو اسرائیل یا اسرائیلی کمپنیوں کے بائیکاٹ کی حمایت کرتی ہیں۔
محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) نے اپنے اندرونی شرائط و ضوابط سے ایک متنازعہ شق کو ہٹا دیا ہے، جس میں گرانٹ وصول کنندگان سے یہ تقاضا کیا گیا تھا کہ وہ اسرائیلی کمپنیوں یا اسرائیل کے ساتھ کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ تجارتی تعلقات ختم کرنے کی کوششوں کی حمایت نہ کریں۔
یہ شق، جو پہلی بار اپریل میں شامل کی گئی تھی، میں کہا گیا تھا کہ درخواست دہندگان کو "تجارتی تعلقات ختم کرنے یا خاص طور پر اسرائیلی کمپنیوں یا اسرائیل کے ساتھ کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ تجارتی تعلقات محدود کرنے کی حمایت نہیں کرنی چاہیے۔"
جمعہ کو شائع ہونے والے 11 نئے وفاقی گرانٹ نوٹسز میں پرانی شرائط کا حوالہ دیا گیا تھا، جس سے عوامی غصہ اور سیاسی دباؤ کے الزامات سامنے آئےتھے، اب یہ شق خاموشی سے حذف کر دی گئی ہے۔
محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے ایک بیان میں کہا: "کسی بھی موجودہ NOFO میں اسرائیل سے متعلق کوئی FEMA شرط نہیں ہے۔ کسی ریاست نے فنڈنگ نہیں کھوئی، اور کوئی نئی شرائط عائد نہیں کی گئی ہیں۔
محکمہ نے مزید کہا: "DHS تمام انسداد امتیازی قوانین اور پالیسیوں کو نافذ کرے گا، بشمول BDS تحریک کے حوالے سے، جو واضح طور پر سامی دشمنی پر مبنی ہے۔ جو لوگ نسلی امتیاز میں ملوث ہیں انہیں وفاقی فنڈنگ کا ایک ڈالر بھی نہیں ملنا چاہیے۔"
واپس لی گئی شرط کا اطلاق کئی اہم پروگراموں پر ہوتا تھا — جن میں ہنگامی خوراک اور پناہ، بندرگاہ کی حفاظت، اور تلاش و بچاؤ کی کارروائیاں شامل تھیں — اور یہاں تک کہ ٹرمپ کے حامی MAGA حلقے کے اندر سے بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
سیاسی مبصر کینڈیس اوونس نے X پر لکھا ہے کہ: "ان امریکیوں کو فنڈز سے محروم کرنا جو آپ کے دوستوں کے ذریعے کی جانے والی نسل کشی کی حمایت نہیں کرتے۔ ٹرمپ نے نیتن یاہو کے لیے امریکہ سے مکمل غداری کی ہے۔"