افغانستان کے دارالحکومت کابل کے قریب مسافر بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔
تولو نیوز کے مطابق، وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی رات کابل میں ارغندی چوراہے کے قریب پیش آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیور کی لاپرواہی کی وجہ سے بس سڑک سے پھسل کر اُلٹ گئی۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ حادثے میں مجموعی طور پر 44 افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے صوبہ ہرات میں ہرات- اسلام قلعہ ہائی وے پر ایران سے واپس آنے والے تارکین وطن کو لے جانے والی بس ٹرک اور موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 19 بچوں سمیت 79 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
افغانستان میں جان لیوا ٹریفک حادثات ایک عام المیہ ہیں، جہاں سڑک کا ناقص انفراسٹرکچر اور لاپرواہی سے گاڑی چلانا اکثر ہلاکتوں کا سبب بنتا ہے۔