فن لینڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور دو ریاستی حل کے نفاذ کے اعلامیے میں شامل ہو رہا ہے۔
فن لینڈ کی وزیر خارجہ ایلینا والٹونن نے کہا ہے کہ فرانس اور سعودی عرب کی قیادت میں یہ عمل دو ریاستی حل کے حالات پیدا کرنے کے لیے ایک اہم بین الاقوامی کوشش ہے۔
یہ اعلامیہ جولائی میں اقوام متحدہ میں ہونے والی ایک بین الاقوامی کانفرنس کا نتیجہ ہے جس کی میزبانی سعودی عرب اور فرانس نے کی تھی جبکہ امریکہ اور اسرائیل نے اس تقریب کا بائیکاٹ کیا تھا۔
اعلامیے میں بیان کیا گیا کہ پہلا قدم غزہ میں اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے درمیان تقریبا دو سال سے جاری جنگ کو ختم کرنا ہے۔
سعودی عرب اور فرانس نے اقوام متحدہ کے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس اعلامیے کی حمایت کریں جس میں دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے 'ٹھوس، مقررہ اور ناقابل تنسیخ اقدامات' کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
اسپین اور ناروے جیسے دیگر یورپی ممالک کے برعکس فن لینڈ نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم نہیں کیا ہے کیونکہ فن لینڈ کی مخلوط حکومت اس سلسلے میں اندرونی طور پر منقسم ہے۔