حکام کا کہنا ہے کہ یونان کے جزیرے یوبویا میں 5.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جو کہ ایتھنز میں بھی محسوس کیا گیا۔
ایتھنز کی نیشنل آبزرویٹری کی انسٹی ٹیوٹ آف جیو ڈائنامکس نے بتایا کہ زلزلہ یونانی دارالحکومت سے 45 کلومیٹر شمال مشرق میں مقامی وقت کے مطابق شب ساڑھے بارہ بجے آیا۔
انسٹی ٹیوٹ کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز یونان کے دوسرے سب سے بڑے جزیرے یوبویا کے جنوب مغرب میں واقع نیا اسٹایرا کے کنارے ریزورٹ سے چار کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔
فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
قریبی شہر میراتھن کے میئر سٹرجیوس سرکاس نے ای آر ٹی ٹیلی ویژن پر تبصرے میں زلزلے کو "بہت شدید" قرار دیا۔
مئی میں یونان کے جزیرے کریٹ میں 6.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے اور یہ زلزلہ مصر کے ساتھ ساتھ یونانی دارالحکومت میں بھی محسوس کیا گیا تھا۔
جنوری اور فروری میں بھی یونان کے ایک اہم سیاحتی مقام بحیرہ ایجیئن میں واقع جزیرے سانتورینی میں زلزلے کے شدید اور غیر معمولی جھٹکے محسوس کیے گئے جس پر ہزاروں لوگوں نے کئی دنوں تک گھروں سے باہر وقت گزارا۔
جنوب مشرقی بحیرہ روم میں متعدد فالٹس پر واقع یونان اکثرزلزلوں سے متاثر رہتا ہے۔
آخری مہلک زلزلہ اکتوبر 2020 میں بحیرہ ایجیئن میں واقع جزیرے ساموس پر آیا تھا۔
سات شدت کے ساتھ ، اس نے ساموس میں دو اور ترک بندرگاہی شہر ازمیر میں 100 سے زیادہ افراد کو ہلاک کیا تھا۔