فرانس کے وزیرِ رسل و رسائل نے ، وائرلیس کے ذریعے اسرائیلی ایئر لائن کے عملے کے لئے 'فری فلسطین' کا نعرہ لگانے کی وجہ سے، پیرس ہوائی اڈے کے ایک ملازم کو معطل کر دیا ہے ۔
وزیرِ رسل و رسائل 'فلپ تبارو' نے منگل کی رات تصدیق کی ہےکہ یہ واقعہ 11 اگست کی صبح پیش آیا اور اسرائیل کی ایئر لائن 'ایل آل' کے عملے کی شکایت کے بعد اس کی تحقیقات کی گئی ہیں۔
تبارو نے سوشل میڈیا ایکس سے کہا ہے کہ تحقیقات کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پیرس چارلس ڈی گال ہوائی اڈے کے ایک ملازم نے وائر لیس کے ذریعے 'فری فلسطین' کا نعرہ لگایا تھا ۔
انہوں نے کہا ہےکہ وائر لیس مواصلات صرف فضائی ٹریفک کی حفاظت اور نظم و ضبط سے متعلقہ امور تک محدود ہونی چاہئیں۔ ملازم کے یہ الفاظ وائر لیس مواصلات کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ' ایک تادیبی کارروائی فوری طور پر شروع کر دی گئی ہے اور ملازم کو تا حکمِ ثانی کسی بھی فریضے کی انجام دہی سے روک دیا گیا ہے۔