جنوبی سوڈان اور یوگنڈا کے درمیان مشترکہ سرحد کے قریب جھڑپوں میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس علاقے میں غیر واضح سرحدی دعوے اکثر چھوٹے پیمانے پر جھڑپوں کا سبب بنتے ہیں۔
یوگنڈا فوج کے ترجمان فیلکس کولائیگیے نے بدھ کے روز بتایا کہ جنوبی سوڈان کی پیپلز ڈیفنس فورسز کے فوجی غیر قانونی طریقے سےیوگنڈا کے ویسٹ نائل علاقے میں داخل ہوئے اور وہاں سے نکلنے سے انکار کیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس جھڑپ میں یوگنڈا کا کم از کمایک فوجی ہلاک ہوگیا۔
کاجو کیجی کاؤنٹی نے ایک بیان میں کہا کہ یوگنڈا کی افواج نے ٹینکوں اور توپ خانے کی مدد سے اچانک حملہ کیا، جس میں جنوبی سوڈان کی پیپلز ڈیفنس فورسز کے پانچ فوجی مارے گئے۔ جنوبی سوڈان کی فوج نے اس جھڑپ کی تصدیق کی لیکن ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی۔
یوگنڈا نے کئی دہائیوں تک جنوبی سوڈان کے صدر سلوا کیر کے وفادار فورسز کی حمایت کی ہے، جس میں ملک کی آزادی کے لیے جدوجہد اور بعد کی خانہ جنگی کے دوران مدد شامل ہے۔ جنوبی سوڈان نے 2011 میں آزادی حاصل کی تھی۔
جنوبی سوڈان کی پیپلز ڈیفنس فورسز کے ترجمان لول روائی کوانگ نے منگل کی رات جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ موجودہ مشترکہ سرحدی کمیٹی سرحد سے متعلق تنازعات کے پرامن حل کے طریقے تلاش کرے گی۔
مارچ میں، صدر سلوا کیر اور ان کے حریف، فرسٹ نائب صدر ریک ماچار کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پیدا ہونے کے بعد جنوبی سوڈان نے یوگنڈا کی فوج کو دارالحکومت جوبا میں سیکیورٹی کو مضبوط کرنے کے لیے مدعو کیا تھا۔