تھائی لینڈ کی فوج نے کمبوڈیا پر نئی طے شدہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی متنازع سرحد پر جنگ بندی کے نفاذ کے چند گھنٹوں بعد ہی جھڑپیں دوبارہ شروع ہو گئیں۔
گزشتہ روز ملائیشیا میں امن مذاکرات کے بعد تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے حکام نے آدھی رات سے غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق کیا تاکہ ان کی 800 کلومیٹر طویل سرحد کے ساتھ متنازعہ علاقوں میں واقع مٹھی بھر قدیم مندروں پر لڑائی ختم کی جا سکے۔
تھائی فوج کے ترجمان ونتھائی سواری نے کہا کہ جب یہ معاہدہ نافذ العمل ہوا تو تھائی لینڈ کی جانب سے پتہ چلا کہ کمبوڈیا کی افواج نے تھائی لینڈ کی حدود میں متعدد علاقوں میں مسلح حملے کیے ہیں ،یہ معاہدے کی دانستہ خلاف ورزی اور باہمی اعتماد کو کمزور کرنے کی واضح کوشش ہے، تھائی لینڈ اپنے دفاع کے جائز حق کا استعمال کرتے ہوئے مناسب جواب دینے پر مجبور ہے۔
کمبوڈیا کی وزارت دفاع کی ترجمان مالی سوچیتا نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاقے میں ایک دوسرے کے خلاف کوئی مسلح تصادم نہیں ہوا ہے۔
ان الزامات کے باوجود، دونوں حکومتوں نے آج صبح کہا کہ امن معاہدے میں بیان کردہ مخالف علاقائی کمانڈروں کے درمیان ملاقاتیں جلد ہی شروع ہونے والی ہیں۔