پاکستان کے شمالی علاقے میں فوج کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں اس میں سوار دو پائلٹ اور تین تکنیکی ماہرین ہلاک ہو گئے ہیں۔
علاقائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر بظاہر تکنیکی خرابی کی وجہ سے گلگت بلتستان کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا اور پھر اس میں آگ لگ گئی۔
انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں البتہ اتنا کہا کہ حکام تحقیقات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ہیلی کاپٹر کو گلگت بلتستان کی حکومت حالیہ بارشوں اور سیلاب کے بعد امدادی کاموں کے لیے استعمال کر رہی تھی جو ایک نئے ہیلی پیڈ پر ٹیسٹ لینڈنگ کر رہا تھا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور اپنی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حادثے کی وجوہات کے بارے میں فوری طور پر کچھ نہیں کہا گیا تاہم گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے تکنیکی خرابی کا حوالہ دیا۔
گزشتہ ماہ سیلاب سے متاثرہ شمال مغربی باجوڑ کے علاقے میں امدادی سامان لے جانے والا ہیلی کاپٹر خراب موسم میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ستمبر 2024 میں بھی ایک اور ہیلی کاپٹر انجن فیل ہونے کی وجہ سے شمال مغربہ علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔